معروف اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمان قمر کی جانب سے استعمال کی گئی نازیبا زبان پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
تفصیلات کے مطابق فلم اسٹار ریشم نے خلیل الرحمان قمراورماروی سرمد تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ٹکے کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان قمرآج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا۔
ریشم نے مزید کہا کہ خلیل الرحمان مسلسل عورت کی تذلیل، گالی، عورت جیسی مقدس ہستی کو پامال کرکے یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے کیا کیا ہے؟ کل میں نے جو کلپ دیکھا اس میں انہوں نے اس عورت کو کیا نہیں کہا؟ کیا یہ گفتگو، کیا یہ زبان خدانخواستہ اپنی بیوی، بیٹی یا اپنی ماں کے لیے استعمال کرتے؟ آج اگر یہ اپنے ڈرامے میں ایک عورت کو دو ٹکے کا دکھا رہے ہیں کل یہی رائٹر کسی کی ماں کو دو ٹکے کا دکھا سکتا ہے، کسی کی بیٹی کو دو ٹکے کا دکھا سکتا ہے، کسی کو بھی دو ٹکے کا کرسکتا ہے۔