خدا کے واسطے بچوں کو اذیت دینا اور ان سے کام کروانا بند کریں: سجل علی

خدا کے واسطے بچوں کو اذیت دینا اور ان سے کام کروانا بند کریں: سجل علی


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی نے عوام سے بچوں کو جبری مشقت، تشدد اور زیادتی سے بچانے کے لیے مل کر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سجل علی نے یہ ویڈیو پیغام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جج عاصم حفیظ کی اہلیہ کے 14 سالہ گھریلو ملازمہ پر مبینہ وحشیانہ تشدد کا الزام سامنے آنے پر جاری کیا ہے۔

اداکارہ کا یہ ویڈیو پیغام سینئر اداکار نادیہ جمیل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔

سجل علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ خدا کے واسطے چھوٹے بچوں کو اذیت دینا اور ان سے کام کروانا بند کریں، یہ غلط ہے، بچوں سے مشقت کروانا غیر قانونی ہے۔

اُنہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اگر آپ میں سے کوئی کسی چھوٹے بچے کو کسی کے گھر یا باہر کام کرتے ہوئے دیکھے یا اسے تشدد کا نشانہ بنتے ہوئے دیکھے تو فوراً مقامی حکام کو اس کی اطلاع دیں۔

اداکارہ نے کہا ہے کہ بچوں کی مزدوری کرنے کی عمر نہیں ہے، یہ ان کی پڑھائی کرنے اور کھیلنے کی عمر ہوتی ہے۔

سجل علی نے کہا ہے کہ ہم سب لوگ مل کر ایسی چیزوں کے خلاف آواز اُٹھائیں گے تو ہی ہماری آواز وہاں تک پہنچ سکے گی جہاں پہنچنا ضروری ہے اور وہ لوگ پھر ایسے واقعات پر ایکشن بھی لیتے ہیں۔

نادیہ جمیل نے سجل علی کا یہ ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں خود بھی بچوں کے استحصال اور زیادتی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں