پاکستانی اداکارہ و لکھاری امر خان نے خواہش ظاہر کی ہے کہ آنے والے سال میں پاکستان میں بھی کوئی سنجے لیلا بھنسالی جیسا ہدایتکار سامنے آئے جو خواتین کردار پر مبنی فلمیں بنائے۔
امر خان نے بالی وڈ فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کے پوسٹر والی ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا جس میں ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی تعریف کی گئی تھی، اداکارہ نے دعا کی کہ خدا کرے کہ 2023 میں کوئی سنجے لیلا بھنسالی پاکستان میں بھی پیدا ہو۔
امر خان نے لکھا کہ اگر پاکستان میں سنجے لیلا بھنسالی پیدا نہ ہوا تو یہاں مرد حضرات کے مرکزی کرداروں پر مبنی کمرشل فلمز بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اداکارہ نے جس ٹوئٹ کو شیئر کیا تھا اس میں لکھا تھا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے گنگو بائی کاٹھیاواڑی جیسی خاتون کے مرکزی کردار کی فلم بنا کر یہ ثابت کردیا کہ اگر فلم اچھی بنائی جائے تو ہیرو کی جگہ ہیروئن کی فلم بھی کامیاب ہو سکتی ہے۔
ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ گنگو بائی کاٹھیاواڑی سے یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ اگر اچھے ڈائیلاگز لکھے جائیں تو پرانے زمانے کے ڈائیلاگز کو بھی پسند کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گنگو بائی کاٹھیاواڑی رواں برس ریلیز کی گئی تھی جس میں عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار نبھایا تھا، یہ فلم رواں سال کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک تھی۔