اونٹاریو:
کینیڈین سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ جو لوگ سونے سے دو گھنٹہ پہلے خوب ورزش کرتے ہیں انہیں نہ صرف دیر سے نیند آتی ہے بلکہ ان کی نیند متاثر بھی رہ سکتی ہے۔
ریسرچ جرنل ’’سلیپ میڈیسن ریویو‘‘ میں شائع ہونے والی اس رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ جن لوگوں نے رات کو سونے سے دو گھنٹے یا اس سے بھی پہلے اپنی ورزش یا جسمانی مشقت مکمل کرلی تھی انہیں جلدی نیند آئی اور وہ سکون سے سوتے رہے۔
ان کے برعکس، جو لوگ رات کی ورزش یا جسمانی مشقت کے دو گھنٹے بعد یا اس سے بھی پہلے سونے کےلیے لیٹ گئے، انہیں نہ صرف بہت دیر سے نیند آئی بلکہ رات بھر ان کی نیند بھی متاثر رہی۔
آسان الفاظ میں اس تحقیق کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ ورزش اور جسمانی مشقت کے بہتر فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سونے سے کم از کم دو گھنٹے پہلے انہیں مکمل کرلیجیے۔
واضح رہے کہ آج کل فٹنس کلبز اور جمز رات کو دیر تک کھلے رہتے ہیں جہاں دن بھر کی مصروفیت کے بعد، تھک کر آنے والے خواتین و حضرات ورزش کرتے ہیں تاکہ ان کی صحت اچھی رہے اور وہ ’’فٹ‘‘ رہیں۔
حالیہ تحقیق سے یہ خیال غلط ثابت ہوا ہے اور رات کو دیر سے ورزش کرنے کے منفی اثرات ہی سامنے آئے ہیں۔
کونکورڈیا یونیورسٹی، کینیڈا کے سائنسدانوں نے اس تحقیق کےلیے ماضی میں جسمانی مشقت، ورزش اور نیند سے متعلق کیے گئے 15 سائنسی مطالعات کا جائزہ لیا جن میں مجموعی طور پر 194 افراد شریک تھے جن کی عمر 18 سے 50 سال کے درمیان تھی۔
اس تجزیئے کے بعد ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چاہے آپ باڈی بلڈنگ کرتے ہوں یا پھر عمومی طور پر اپنی صحت بہتر رکھنا چاہتے ہوں، ہر صورت میں کوشش کیجیے کہ سونے سے دو گھنٹے پہلے اپنی ورزش مکمل کرلی جائے۔
اس کے علاوہ، ان کا مشورہ یہ بھی ہے کہ سونے سے پہلے سخت قسم کی ورزش سے بھی گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ بھی نیند پر برا اثر ڈال سکتی ہے۔