خاتون کھلاڑی کا اسکارف ٹھیک کرنے میں تعاون پر مخالف ٹیم کی تعریف


اردن میں خواتین ٹیموں کے درمیان ہونے والے ایک فٹبال میچ کے دوران کھلاڑیوں نے اخلاقی برتاؤ اور مشفقانہ رویے کی مثال قائم کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اردن میں 2 مقامی خواتین فٹ بال کلبوں کے درمیان میچ کھیلا جارہا تھا کہ اس دوران ایک خاتون کھلاڑی کا اسکارف پھسل کر نیچے آنے لگا تو وہ رک کر بیٹھ گئی تاکہ اپنا اسکارف ٹھیک کرسکے۔

اس دوران قریب موجود مخالف ٹیم کی کھلاڑیوں نے اس کے گرد گھیرا بنالیا تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنا اسکارف ٹھیک کرکے پہن سکے۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران 30 سیکنڈ تک میچ رکا رہا اور جیسے ہی خاتون نے اسکارف درست کیا مخالف ٹیم کی کھلاڑیوں نے اپنی اپنی پوزیشن سنبھالتے ہوئے میچ شروع کردیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل ویڈیو پر وائرل ہوچکی ہے اور اسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کے بہترین رویے (اسپورٹس مین شپ) کی تعریف کی جارہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں