امریکا میں دوران سفر ایک مسافر کی جانب سے بس میں بغیر احتیاط کے کھانسنے پر تنقید کرنے والا ڈرائیور کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔
امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں جیسن ہارگرو نامی ایک ڈرائیور نے 21 مارچ کو فیس بک پر ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اس نے ایک خاتون مسافر پر تنقید کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ کس طرح بھری بس میں منہ کو بغیر ڈھانپے کھانس رہی تھیں۔
جیسن ہارگرو کا کہنا تھا کہ ‘ہم جیسے پبلک ورکرز اپنے گھر والوں کے لیے ایمانداری سے کام کررہے ہیں لیکن آپ لوگ بس میں سوار ہو کر بغیر احتیاط کے کھانستے ہیں، آپ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم اس وقت وبا کی زد میں ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگ بالکل خیال نہیں کرتے’۔
رپورٹس کے مطابق 50 سالہ بس ڈرائیور جوکہ 6 بچوں کا باپ بھی تھا یہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے 10 دن بعد کورونا وائرس کا شکار ہوکر چل بسا۔
واقعے کے بعد امریکی میڈیا میں اس ویڈیو کے حوالے سے نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پبلک ورکرز کے حفاظتی انتظامات پر سوال اٹھائے جارہے ہیں جب کہ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے۔
ڈیٹرائٹ شہر کے میئر نے تمام امریکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جیسن ہارگرو کی ویڈیو ضرور دیکھیں اور وبا کے حوالے سے سنجیدگی اختیار کریں۔
خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 9 ہزار 664 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وبا سے 2 لاکھ اموات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم اموات کو ایک لاکھ تک روک سکے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔