ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی مدت ملازمت پوری ہورہی ہے اور سہیل محمود کو نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کر رہے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر ہیں سہیل محمود کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا ہے۔
یاد رہے کہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ 16 اپریل کو مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہورہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا اُن کے حوالے سے کہنا تھا کہ تہمینہ جنجوعہ عمدہ کارکردگی کی حامل اور ذی شعور خاتون ہیں، مشکل خارجہ امور میں مسکراتے ہوئے سامنا کیا، آج وہ ریٹائرڈ ہو رہی ہیں، نام نہیں کام دیکھا جاتاہے، ہمیں کام بہتر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
عمران خان نہ ڈیل کے قائل ہیں اور نہ ڈھیل دیں گے: شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ کی متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم سے دو تین گزارشات کیں، متحدہ سندھ اپوزیشن چاہتی ہے کہ سندھ حکومت ان سے نارواں سلوک نہ کرے، سندھ حکومت ان کو فنڈز نہیں دیتی اور متحدہ سندھ اپوزیشن کو اعتراض تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا غلط استعمال ہوتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نہ ڈیل کے قائل ہیں اور نہ ڈھیل دیں گے، نیب ہمارے لوگوں کے خلاف بھی تحقیقات کر رہا ہے، نیب سب کا احتساب کرنے کا استحقاق رکھتا ہے، نیب کے معاملات میں مداخلت کرنا حکومت کا کام نہیں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں سب ریڈ لائنز کا احترام کرنا چاہئے، آج پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف اور اپوزیشن کو پھر دعوت دے رہا ہوں۔
ایسے اقدامات اٹھانے کی کوشش کررہےہیں جس سے مہنگائی نہ ہو: شاہ محمود قریشی
انہوں نے کہا کہ 6 ماہ پہلے ن لیگ اور پی پی دست و گریباں تھے آج ایک جھولی میں بیٹھ گئے، ووٹر پہچانتا، سب جانتا ہے، ووٹر سیاست دان کےکردار کو دیکھ کر اپنی رائے قائم کرتا ہے۔
مہنگائی پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ‘عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیتمیں بڑھی ہے جس کے اثرات پاکستان پر بھی آتے ہیں تاہم ایسے اقدامات اٹھانے کی کوشش کررہےہیں جس سے مہنگائی نہ ہو’۔
وزیر خارجہ نے سوال کیا، پاکستان کو معاشی طور پر ان حالات میں کس نے کھڑا کیا ہے، مہنگائی پر لوگ چلا رہے ہیں، یہ ماحول کس کا پیدا کیا ہوا ہے؟، پچھلے سالوں میں جنہوں نے کرپشن کی ہے لوگ جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود عوام پر کم بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں، ہم جس مؤقف پر کل کھڑے تھے آج بھی اسی مؤقف پر کھڑے ہیں، کیا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا آج جو مک مکا ہوا ہے آگے بھی رہےگا؟۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کا قیام ضرورت ہے، 12 کروڑ لوگوں کے صوبے کا نظام چلانا آسان نہیں ۔