اسلام آباد:
وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے کم ریٹ پر طویل مدتی بانڈ جاری کردیئے ہیں، مقامی بانڈز کی مدت 3 سے 20 سال ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا تھا کہ حکومت نے کم ریٹ پر طویل مدتی بانڈ جاری کردیئے ہیں، اس بار 140 ارب روپے کے بجائے صرف 38 ارب روپے کے بانڈز جاری کئے گئے جب کہ مقامی بانڈز کی مدت 3 سے 20 سال ہے۔
حکام وزارت خزانہ کے مطابق 16.1 ارب روپے کے تین سالہ بانڈ پر 8.19 فیصد سود دیا گیا ہے، جب کہ 12 ارب کے 15 سالہ بانڈ پر سود کی شرح 9.91 فیصد، 10 ارب کے 20 سالہ بانڈ پر 10.42 فیصد اور ساڑھے 5 کروڑ کے 10 سالہ بانڈ پر 8.94 فیصد شرح سود ہوگا۔
وزارت خزانہ حکام کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے پالیسی ریٹ سے ساڑھے 4 فیصد زیادہ ریٹ پر قرضہ لیا، جب کہ ماضی میں بینکوں کو ذیادہ فائدہ پہنچایا گیا، 2011 کے بعد پہلی بار 15 سال کا بانڈ جاری کیا گیا اور سال 2017 کے بعد 20 سال کی مدت کا بانڈ جاری یا گیا ہے۔
وزارت خزانہ حکام نے بتایا کہ وزارت خزانہ میں پروفیشنل ڈیٹ مینجمنٹ ونگ قائم کر دیا گیا ہے، حکومت ہر ماہ 140 ارب کے مقامی بانڈز جاری کرے گی اوربانڈز ضرورت کے مطابق کم سے کم شرح سود پر اٹھائے جائیں گے، جب کہ اسٹیٹ بینک سے قرضوں کے حصول کا سلسلہ بند کر دیاہے، اس سے نئے نوٹ چھاپنے کی شرح کم ہوئی ہے۔