نگران وفاقی حکومت نے عوام کو یکم اکتوبر سے پیٹرول سستا ہونے کی امید دلا دی۔
کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر صنعت گوہر اعجاز نے بتایا کہ کرنسی مستحکم ہوئی ہے تو اس کے نتائج بھی اچھے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا غیر قانونی طور پر باہر ڈالر بھیجنے والوں کو روکنے سے بہتری آئی ہے، ڈالر کی قدر کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا
گوہر اعجاز کا کہنا تھا انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کم ہوئی ہے، اقدامات کی وجہ سے کرنسی اپنی جگہ پر آگئی ہے، امید ہے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں پر خوشخبری آئے گی۔
نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہماری ذمہ داری ہے کہ صنعت اور تجارت کا خیال رکھیں، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسی لٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ گوہر اعجاز پر میرا ہی نہیں پورے ملک کے صنعتکاروں کا اعتماد ہے، معاشی اور معاشرتی مسائل 75سال سے ہیں، گوہر اعجاز 90 دن میں حل نہیں کر سکتے۔