اسلام آباد: حکومت نے تمام ائیرلائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے بتایا کہ تمام ائیر لائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے، 27 جون سے جو مسافر پاکستان سے باہر جائےگا تو ائیرپورٹ پر اس کی اسکریننگ کی جائے گی اور پاکستان سےباہر جانے والے اگر بیمار ہیں یا ان میں علامات ہیں تو وہ ائیر پورٹ نہ آئیں۔
انہوں نےکہا ایسی بات نہیں ہےکہ پاکستان سے جانے والے ہر مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہو، پاکستان سے بیرون ملک جانے والے کچھ افراد میں کورونا مثبت آیا ہے جس پر کچھ ممالک کے تحفظات ہیں۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی واپس آرہے ہیں اور وزیراعظم کی بھی ہدایات ہیں کہ بیرون ملک میں پھنسے محنت کشوں کوترجیحی بنیادوں پر واپس لایا جائے،26 سے 30 جون تک 270 پروازیں پاکستان آئیں گی جن کے ذریعے 40 سے 45 ہزار پاکستانی واپس آئیں گے، 2 سے 3 ہفتوں میں اپنے تمام بیرون ملک پاکستانیوں کوواپس لانےمیں کامیاب ہوجائیں گے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جائیں، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوگی،بحیثیت ذمے دار قوم ہم اسکریننگ کا عمل سخت کریں گے، بیرون ملک جانے والے مسافر متعلقہ ملک کی پالیسی کے مطابق سفر کریں۔