اسلام آباد:
تحریک انصاف کی حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کے 2ججز کے خلاف بیرون ملک جائیدادیں رکھنے پر سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا۔
ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوشواروں میں بیرون ملک جائیداد ظاہر نہ کرنے پر ان ججز کے خلاف مس کنڈیکٹ کا ریفرنس جوڈیشل کونسل کو بھجوا دیا ہے تاہم اس بات کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی کہ سپریم جوڈیشل کونسل کو ان ججز کے خلاف ریفرنس موصول ہو چکا ہے یا نہیں۔
وزارت قانون کے ایک اہلکار کے مطابق ریفرنس وزارت قانون کی نگرانی میں تیار کیا گیا اورریفرنس فائل کرنے کیلیے سپریم کورٹ کے ایک سابق جج کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جن ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے کہ ان میں سے ایک سپریم کورٹ کے جج ہیں جن کی اہلیہ نے مبینہ طور پر اسپین میں جائیداد خریدی جو کہ ان کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ظاہر نہیں کی گئی۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ دیکھنا ہو گا کہ آیا مذکورہ جج کے ٹیکس ریکارڈ میں انکی اہلیہ ان کے زیرکفالت ہیں (ڈی پینڈنٹ) یا نہیں ۔ ہائی کورٹس کے کچھ ججز کے خلاف بھی شکایات درج کرائی گئی ہیں جن میں سے ایک پر برطانیہ میں مبینہ طور پر جائیداد خریدنے پر الزام ہے ۔ ججز کے مس کنڈیکٹ پر حکومتی ریفرنس پر بار کونسل کے بعض نمائندوں کا رد عمل بھی آ گیا ہے ۔
بیرسٹر اسد رحیم خان کا کہنا ہے کہ جوڈیشری پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کا متحرکانہ اور منصفانہ ذہنیت کا حامل ہونا ناگزیر ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ آرٹیکل209 کے تحت ایک جج کو صرف اسی صورت عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے اگر وہ ذہنی اور جسمانی طور پر اپنے فرائض سرانجام دینے سے قاصر ہو یا پھر مس کنڈکٹ کا مرتکب پایا جائے