گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے علاوہ ملک بھر میں صحت کارڈ فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ حکومتِ سندھ نے وزیر اعظم عمران خان کی صحت کارڈ کی فراہمی سے متعلق پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں شراکت داری کرتی ہیں تب وہاں پر صحت کارڈ ملتا ہے۔
عمران اسمٰعیل نے حکومتِ سندھ سے گزارش کی کہ سندھ کے باسیوں، شہریوں کا خیال کریں، بغیر کسی سیاست کے اس معاملے کو دیکھیں، اگر صحت کارڈ نہیں پہنچا سکے تو سندھ کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں شعبہ زراعت اور تعلیم میں بدعنوانی اور کرپشن کے باعث لوگوں کو بہت پریشانی ہے، اس ضمن میں مشاورت کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ساری صورتحال رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشاورت کے نتیجے میں سامنے آنے والی تجویز، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھی پیش کی جائیں گی۔
گورنر سندھ نے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے آئندہ دورہ کراچی پر زراعت، تعلیم اور پانی کے مسائل کے ممکنہ حل کے لیے ایک اجلاس بھی ہوگا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز موجود ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ساتھ حکومت کے قریبی تعلقات ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ’ٓآج کی نشست، سندھ کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہے اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی مشاورت کریں گے‘۔
عمران اسمٰعیل نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہے لیکن وہاں بھی گورنر ہاؤس کی دیواروں کو توڑنے کا کام شروع ہوگیا تھا تاکہ اسے عوامی پارک میں تبدیل کیا جا سکے لیکن وہ کام رک گیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کا گورنر ہاؤس صوبے کے دیگر گورنر ہاؤسز سے مختلف ہے، میں نے کوشش کی کہ اس کے بڑے پارکس عوام کے لیے کھول دیے جائیں لیکن یہ حکومت سندھ کی ملکیت ہے، اس لیے ایسا کرنے کی اجازت نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جو ہم کرسکتے تھے وہ یہ کیا کہ کووڈ 19 سے قبل سیکڑوں طلبہ نے گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور یہاں کی لائبریری، قائد اعظم محمد علی جناح کے زیر استعمال رہنے والی چیزوں کا مشاہدہ کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ’ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ حکومتی ٹیکس کی وجہ سے نہیں بڑھا بلکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں اضافے کی وجہ سے مقامی سطح پر اس کے اثرات پیدا ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو انتہائی ناگوار گزرتا ہے جب اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کرتا ہے۔
عمران اسمٰعیل نے اس تاثر کو رد کردیا کہ ’ملک میں چینی کی قلت ہے‘، جب چینی کی قیمتوں کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے تو مافیا مشکلات پیدا کرتا ہے۔
افغانستان سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان میں خانہ جنگی ہوئی تو افغان مہاجرین کی آمد متوقع ہے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ کابل میں پرامن ماحول رہے۔