حکومت سندھ اور سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد میٹرک کے امتحانات یکم اپریل سے ہی شروع ہوں گے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نے احتجاج اور تدریسی عمل کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سردار محمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہم پہلے روز سے ہی اساتذہ کے جائز مطالبات کی حمایت کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے اساتذہ کے جائز مطالبات مان لیے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ نے ٹائم اسکیل کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں۔
سردار محمد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے این ٹی ایس پاس کرنے والے اساتذہ کو مستقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے پروموشن، یوٹیلٹی الاؤنس اور دیگر مراعات کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
اساتذہ کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد بار بار امتحانات ملتوی ہونے کی وجہ سے سے پریشان طلبا اور والدین نے سکھ کا سانس لیا اور اب اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ میٹرک کے امتحانات یکم اپریل سے ہی شروع ہوں گے۔