فرانس میں ایک اسپتال کی جانب سے کی گئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومتی دعوے سے ایک ماہ قبل ہی یورپی ملک میں کورونا وائرس موجود تھا۔
فرانس کے اویسین اینڈ جین ورڈیئر اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ژویس کوہن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ فرانس میں 27 دسمبر کوجس شخص میں نمونیا کی تشخیص ہوئی وہ دراصل کورونا وائرس کا مریض تھا، اُس وقت لیے جانے والے ایک نمونے کا حال ہی میں دوبار ٹیسٹ کیا گیا اور دونوں مرتبہ یہ ٹیسٹ مثبت ثابت ہوا۔
ڈاکٹر ژویس کوہن کا کہنا ہے کہ 50 سالہ مریض اب مکمل صحت یاب ہو چکا ہے لیکن اس بات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے کہ اسے وائرس کہاں سے لگا کیوں کہ وہ کسی بھی متاثرہ علاقے میں نہیں گیا تھا۔
اس سے پہلے فرانس میں 24 جنوری کو پہلے تین کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی تھی اور انھیں ہی پہلے کیس سمجھا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس کا پہلا مریض 29 دسمبر 2019 کو سامنے آیا تھا اور عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو اسے عالمی وبا قرار دیا تھا۔
کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 2 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 37 لاکھ 28 ہزار کے قریب متاثر ہو چکے ہیں۔