قیمتیں کنٹرول کرنے سے متعلق حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور ایک کلو چینی کی قیمت 95 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور کے اکثر علاقوں میں دکانوں پر چینی دستیاب ہی نہیں اور جہاں مل رہی ہے وہاں چینی 90 روپے کلو سے 95 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں بھی چینی 92 روپے سے 95 روپے فی کلو پر فروخت ہورہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں چینی منڈی سے مہنگی مل رہی ہے تو سستی کیسے بیچیں؟
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے یوٹیلٹی اسٹورز پر اربوں روپے کی سبسڈی کے باوجود عوام کو سستی چینی اور آٹا نہ ملنے اور اسٹورز پر مہنگی اشیاء کی خریداری اور فروحت کی شکایات پر نوٹس لیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے مالی مشکلات کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز پر ریلیف پیکچ دیا، اس کے باوجود ملک کے اکثر یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی اور آٹے کی قلت کا سامنا ہے اور غریب عوام اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں چینی اور آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت چینی 68 روپے فی کلو اور آٹے کے 20 کلو والے تھیلے کی قیمت 800 روپے ہے لیکن شہریوں کو یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی مہنگے داموں خریداری کرنا پڑ رہی ہے۔