حکمرانوں کو ہمارا مطالبہ تسلیم کرنا ہی پڑے گا، فضل الرحمن


 اسلام آباد: جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم ان حکمرانوں کو تسلیم نہیں کریں گے بلکہ حکمرانوں کو ہمارا مطالبہ تسلیم کرنا پڑے گا۔

آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے اس حکومت کا غرور خاک میں ملادیا، اسلام میں جبر کی کوئی گنجائش نہیں ہم ان حکمرانوں کو تسلیم نہیں کریں گے بلکہ حکمرانوں کو ہمارا مطالبہ تسلیم کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے معاملے پر ہمیں مشورہ دیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرو جب کہ پی ٹی آئی کا فارن فنڈنگ کیس گزشتہ پانچ برس سے الیکشن کمیشن میں رکا ہوا ہے، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں اور آئندہ کی حکمت عملی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے ہم قیادت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت نے کہا تھا کہ فاٹا کو ہر سال ایک سو ارب روپیہ دیں گے اور دس سال ہوگئے لیکن وعدے کے باوجود فاٹا کو ایک روپیہ نہیں ملا، موجودہ حکومت بتائے وہ فاٹا کے لیے رحمت بن کر آئی ہے یا ظلم بن کر؟ وہ قانون جو فاٹا کے لیے تھا وہ پورے صوبے کے لیے لاگو کردیا گیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں