حمیمہ ملک نے دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کردیا

حمیمہ ملک نے دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کردیا


پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل حمیمہ ملک نے دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ حمیمہ ملک نے حال ہی میں جیو نیوز کے مشہور ترین شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔

اس دوران حمیمہ ملک نے دوسری شادی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ناظرین کی جانب سے پوچھے جانے والے دلچسپ سوالات کے جواب دیتے ہوئے اداکارہ حمیمہ ملک نے بتایا کہ اس بار اُن کا بجلی کا بل 80 ہزار آیا ہے، حمیمہ ملک نے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کو عوام کے ساتھ زیادتی قرار دیا۔

شو کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بالی ووڈ میں کام کر چکی ہیں اور اب ہالی ووڈ میں بھی کام کرنا چاہتی ہیں۔

شو کے میزبان تابش ہاشمی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ پہلے وہ دن میں ایک بار ضرور رویا کرتی تھیں لیکن اب نہیں روتیں۔

حمیمہ ملک نے رونے کی وجہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی خاص مسئلہ نہیں تھا، میں نے 14 سال کی عمر سے ہی کام کرنا شروع کر دیا تھا، بہت چھوٹی عمر سے مسلسل کام کرنے کے دوران مجھے اپنے بارے میں جاننے کا موقع نہیں ملا، اس دوران میرے کچھ لوگوں سے بُرے تعلقات بھی رہے، چھوٹی عمر میں بہت زیادہ شہرت حاصل کر لی اور زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ چیزیں انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتیں، اس لیے میں شدید ڈپریشن میں چلی گئی تھی، مجھے ہر چھوٹی سے چھوٹی بات پر رونا آجاتا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش مزاج لڑکی ہوں لیکن مجھے رونے میں چند منٹ لگتے ہیں۔

حمیمہ ملک نے شو کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے ڈپریشن سے نکلنے کے لیے اپنا علاج کروایا ہے، انہوں نے ڈاکٹر اور اپنے مرشد سے رجوع کیا تھا، ان دونوں شخصیات نے اُنہیں بہتر انسان بنایا ہے کہ آج وہ سکون سے سوتی ہیں اور اب وہ ہر وقت غمزدہ نہیں رہتیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں