کراچی: حمزہ علی عباسی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گٹار پر ترکی کے مقبول ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کی دھن نہایت خوبصورتی سے بجارہے ہیں۔
ترک ڈراما سیریل ’’دیریلش ارطغرل‘‘ جسے ’’ارطغرل غازی‘‘ بھی کہا جاتا ہے نے پاکستان میں دھوم مچائی ہوئی ہے۔ پاکستان میں لوگ اس ڈرامے کے دیوانے ہوگئے ہیں۔ سوشل میڈیا ڈرامے کی کہانی اور کرداروں کی تعریفوں سے بھرا پڑا ہے جب کہ عام لوگوں کے ساتھ فنکار بھی اس کے سحر میں مبتلا نظر آتے ہیں۔
’’ارطغرل غازی‘‘ کے مداحوں میں اداکار حمزہ علی عباسی بھی شامل ہیں جن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اس ڈرامے کی دھن گٹار پر بجارہے ہیں۔ حمزہ علی عباسی اتنی خوبصورتی سے دھن بجارہے ہیں کہ لوگ ان کا یہ ٹیلنٹ دیکھ کر حیران رہ گئے ہیں۔
کچھ لوگ تو حمزہ علی عباسی کو ’’دیریلش ارطغرل‘‘ کے مرکزی ہیرو ارطغرل سے ملاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ انہیں یہ دونوں بالکل ایک جیسے لگتے ہیں۔ جب کہ کچھ لوگ حمزہ علی عباسی کو پاکستانی ارطغرل قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ارطغرل غازی‘ نوجوانوں کو اسلامی تاریخ واخلاقیات سے روشناس کرائے گا، وزیراعظم
واضح رہے کہ ڈراما ’’ارطغرل غازی‘‘ اس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ ان کا نام ارطغرل تھا اور انہيں ارطغرل غازی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
اس ڈرامے کی کہانی ترک مسلمانوں کی تیرہویں صدی میں کی جانے والی فتوحات کے گرد گھومتی ہے۔ ’’ارطغرل غازی‘‘ پی ٹی وی سے پہلے دنیا کی 60 مختلف زبانوں میں نشر ہو چکا ہے۔ مجموعی طور پر اس کی 179 قسطیں ہیں اور یہ پہلی مرتبہ 2014 میں ترکی کے سرکاری چینل سے نشر ہوا تھا۔