پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے شان مسعود کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا ایک انٹریو میں کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین تھا کہ شان مسعود کاؤنٹی چیمپئن شپ میں پرفارم کریں گے۔
انہون نے کہا کہ میں ان کی محنت اور تکنیک سے متاثر ہوں۔ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کو شان مسعود کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں کھیل کے تینوں فارمیٹس میں ایڈجسٹ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز شان مسعود پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے اور انہیں آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ہوم سیریز سے بھی باہر کردیا گیا تھا۔
تاہم اب محمد حفیظ کا خیال ہے کہ انہوں نے کافی اچھی کارکردگی دکھائی ہے کہ جس کے باعث وہ قومی ٹیم میں واپسی کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شان مسعود کو اپنے محدود اوورز کے کھیل کو بھی بہتر بنانے کی ضرروت ہے، انہیں پاکستان کے لیے ٹیسٹ میچ ضرور کھیلنا چاہیے جبکہ انہیں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب کاؤنٹی کرکٹ کھلاڑیوں کی مہارتوں کو پالش کرتی تھی لیکن اب کاؤنٹی کرکٹ کا معیار ویسا نہیں رہا جیسا کہ پانچ دہائیاں پہلے ہوا کرتا تھا تاہم کاؤنٹی کرکٹ انفرادی طور پر کھلاڑیوں کو اپنی پرفارمنس بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
خیال رہے کہ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شان مسعود کا بلا خوب چل رہا ہے جبکہ انہیں انگلینڈ کی زمین خاصی راس آگئی ہے۔
شان مسعود کاؤنٹی چیمپئن شپ کے صرف 2 میچز میں 152.72 کی اوسط سے 611 رنز اسکور کرچکے ہیں جبکہ وہ ایونٹ میں یارکشائر کی نمائندگی کررہے ہیں۔
انہوں نے چیمپئن شپ میں اب تک دو ڈبل سنچریاں اور دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ ان کا اب تک کا سب سے بہترین اسکور 239 رنز تک پہنچ گیا ہے۔