حسن علی کمر درد کے بعد فٹنس حاصل نہ کر سکے


لاہور: فاسٹ بولر حسن علی فٹنس مسائل سے چھٹکارا نہ پا سکے  جس کی وجہ سے وہ قائد اعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں بھی شامل نہیں۔

حسن علی کا فٹنس حاصل کرنے کے لیے ری ہیب کا عمل طویل ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے وہ قائداعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں خیبر پختونخوا کے خلاف سینٹرل پنجاب کی نمائندگی نہیں کر رہے۔

حسن علی ستمبر میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے اور وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز جب کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔

انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں ری ہیب میں بھی حصہ لیا لیکن بولر کمر کی تکلیف سے چھٹکارا پاکر 100  فیصد فٹ نہیں ہو سکے اور یہی وجہ ہے کہ کراچی میں شروع ہونے والے قائداعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں بھی شریک نہیں ہوسکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق حسن علی نے سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے لیکن وہ ابھی مکمل فٹ نہیں ہیں، ٹیم کے فزیو کے ساتھ وہ ری ہیب کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ 100 فیصد فٹنس کے بعد وہ آئندہ میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں