حراستی مراکز ہو سکتا ہے نظریہ ضرورت کے تحت بنائے گئے ہوں، سپریم کورٹ


 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ حراستی مراکز ہو سکتا ہے نظریہ ضرورت کے تحت بنائے گئے ہوں جبکہ حکومت نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی میڈیا میں آنے والی تمام شکایات غلط نہیں۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے فاٹا، پاٹا ایکٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل نے پیش ہوکر بتایا کہ حراستی مراکز کے قواعد پاٹا میں صوبائی حکومت نے بنائے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ آپ نے زیر حراست افراد کی فہرست سربمہر لفافے میں کیوں دی؟، قواعد میں تو زیر حراست افراد سے اہلخانہ کی ملاقات کا بھی ذکر ہے۔

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ زیر حراست افراد کی تفصیلات عام نہیں کرسکتے، ان کے اہلخانہ کو تفصیلات بتائی جاتی ہیں اور منع کیا جاتا ہے کہ آگے کسی کو فراہم نہ کریں، زیر حراست افراد 15 روز بعد ایک خط اہلخانہ کو لکھ سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے قوانین کو تو دیکھ کر لگتا ہے حراست قانونی ہے مگر معلوم نہیں عملی طور پر ان پر عمل ہوتا ہے یا نہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ میڈیا میں شکایت کیوں کرتے ہیں کہ انہیں ان کے پیاروں کا علم نہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ میڈیا میں آنے والی تمام شکایات غلط نہیں، بعض ایسے افراد بھی ہیں جنہیں فی الحال اہلخانہ سے نہیں ملواسکتے، بعض لاپتہ افراد کا اداروں کو بھی علم نہیں۔

جسٹس گلزار احمد نے پوچھا کہ 9/11کے بعد غیرریاستی عناصر کا لفظ سامنے آیا، غیر ریاستی عناصر کو بنیادی حقوق حاصل نہیں ہوتے، کیا اداروں کے پاس زیر حراست افراد کے غیر ریاستی عناصر ہونے کے شواہد ہیں؟۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اداروں کے پاس تمام تفصیلات اور شواہد موجود ہیں، عدالت کو قائل کرنے کی کوشش کروں گا کہ حراستی مراکز غیر آئینی نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کاغذوں میں تو آپ نے بہت اچھی چیزیں دکھائی ہیں، عملی طور پر کیا ہوتا ہے یہ دیکھنا الگ چیز ہے، عدالت کے سامنے سوال حراستی مراکز کی آئینی حیثیت کا ہے، یہ جائزہ نہیں لینا کہ حراستی مراکز درست کام کر رہے ہیں یا نہیں، عدالت نے صرف حراستی مراکز کی آئینی حیثیت کا فیصلہ کرنا ہے، حراستی مراکز ہو سکتا ہے نظریہ ضرورت کے تحت بنائے گئے ہوں، 25 ویں ترمیم کے بعد حالات بہت بہتر ہو گئے، کیا اب کوئی ایسی قانون سازی ہوئی جس میں پہلے کیے گئے اقدامات کو تحفظ دیا گیا ہو۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ 25 ویں آئینی ترمیم کے بعد راتوں رات حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے، فوج ان افراد سے لڑ رہی ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے گھسے، 25 ویں ترمیم کے بعد قوانین جاری رکھنے کا ایکٹ لایا گیا، قانون سازی کے زریعے فاٹا اور پاٹا میں پہلے سے رائج قوانین کو جاری رکھا گیا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ کیا آپ 25 ویں ترمیم کو چیلنج کر رہے ہیں؟۔چیف جسٹس نے بھی پوچھا کہ کیا آپ تسلیم کر رہے ہیں حراستی مراکز غیر آئینی ہیں؟۔

چیف جسٹس نے کہا کہ فاٹا میں پہلے بلا واسطہ نمائندگی تھی اب براہ راست نمائندگی ہے، اب فاٹا کی تمام مشینری صوبوں کے ماتحت آچکی، اب ہم نے دیکھنا ہے کہ اقدامات آئین کے اندر ہیں یا نہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں