حیدرآباد: بھارت کے حیدرآباد کے جیڈی مٹلہ علاقہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک جوڑے نے اپنے دو بچوں کو مبینہ طور پر قتل کر دیا اور بعد ازاں اپنی بھی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق منچریال سے تعلق رکھنے والے جوڑے وینکٹیش اورورشنی کے دو بچے 11سالہ رشی کانت اور 3سالہ ویہت تھے۔
یہ خاندان گاجولارامارم علاقہ کے ایک اپارٹمنٹ میں رہائش اختیار کئے ہوئے تھا، گزشتہ روز فلیٹ سے چاروں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
جیڈی مٹلہ پولیس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وہاں پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کردیا، اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اس سے قبل لاہور میں باپ نے بیٹے کو قتل کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔
قتل کی یہ لرزہ خیز واردات لاہور کے فیکٹری ایریا کے علاقے میں پیش آئی جہاں باپ نے پہلے بیٹے کو قتل کیا اور پھر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے واردات پر پہنچ گئے۔ لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے۔