جے یو آئی کا آزادی مارچ لاہور پہنچ گیا، اپوزیشن کا بھرپور استقبال


لاہور: جمیعت علما اسلام (ف) کا آزادی مارچ لاہور پہنچ گیا جہاں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قافلے کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزادی مارچ کا قافلہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ٹھوکر نیاز بیگ لاہور پہنچ گیا جس کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ استقبال کرنے والوں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ضلعی تنظیم سمیت اپوزیشن جماعتیں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، اے این پی اور دیگر شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آزادی مارچ کا قافلہ روٹ پلان کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ چوک سے ملتان روڈ اور وہاں سے ہوتا ہوا لاہور پہنچا۔ جے یو آئی کے آزادی مارچ کے شرکا نے رات کو لاہور میں ہی قیام کا فیصلہ کیا۔
 قبل ازیں ٹھوکر نیاز بیگ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ اسلام آباد پہنچ کر جعلی حکمرانوں کو گرا کر رہے گا، حکمران عوام کے جوش و جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے خود ہی مستعفی ہو جائیں اور ووٹ کی امانت واپس قوم کے حوالے کردیں، تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، ہمیں قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھ کر اپنے مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں