جی 20 ممالک عالمی معیشت بچانے کےلیے 5,000 ارب ڈالر دیں گے، اعلامیہ


ریاض: گزشتہ روز دنیا کے امیر ترین ممالک پر مشتمل گروپ ’’جی 20‘‘ کے ویڈیو اجلاس میں عالمی معیشت بچانے کےلیے 5,000 ارب ڈالر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی سربراہی میں 90 منٹ جاری رہنے والے اس اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ ’’کووِڈ 19‘‘ کی عالمی وبا سے نبرد آزما ہونے کےلیے وہ سب کچھ کیا جائے جو ممکن ہے۔

اجلاس کے بعد جی 20 کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم طبّی ساز و سامان اور دواؤں کی بروقت اور بلاتعطل دستیابی کے علاوہ عالمی معیشت کو حالیہ بحران سے نکالنے میں استعمال کی جائے گی۔

مشترکہ اعلان میں عالمی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کےلیے اپنا موجودہ امدادی فنڈ 50 ارب ڈالر سے بڑھا کر دگنا کردیں۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق، 2008 میں شروع ہونے والے عالمی معاشی بحران کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب دنیا کے امیر ممالک نے اس حد تک اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ جی 20 ممالک کی جانب سے 5,000 ارب ڈالر کا یہ اعلان ابھی صرف ایک بیان ہے کیونکہ اس رقم کو خرچ کرنے کا طریقہ کار اور ٹائم فریم وغیرہ طے نہیں کیے گئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں