معروف بھارتی اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن نے فوٹوگرافرز کو تصاویر اور ویڈیوز بنانے دینے کی اجازت دے کر حیران کردیا۔
جیا بچن اکثر ہی فوٹو گرافرز کے مشہور گروپ پاپرازی سے ناراض نظر آتی ہیں اور جب بھی فوٹو گرافرز ان کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے کی کوشش کرتے ہیں تو شدید برہمی کا اظہار بھی کرتی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے مشہور ڈیزائنرز ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ کی فیشن فلم کے پریمیئر میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے فوٹو گرافرز کو اپنی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی اجازت بھی دی یہاں تک کہ ان سے بات چیت کرکے یہ سمجھانے کی کوشش بھی کی کہ وہ فوٹوگرافرز پر ناراض کیوں ہو جاتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دیکھو ابھی میں ہنس رہی ہوں، جب ایسا کوئی ایونٹ ہوتا ہے تو میں تصاویر بنوانے کے لیے تیار ہوتی ہوں لیکن جب کوئی نجی تقریب ہوتی ہے اور آپ لوگ خاموشی سے آکر تصویریں بناتے ہو تو مجھے اچھا نہیں لگتا۔
جیا بچن نے جاتے ہوئے اپنی تعریف کرنے والے ایک فوٹو گرافر کی رُک کر حوصلہ افزائی بھی کی۔