پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے دوران سفر جہاز میں مسائل پیش آنے، حادثات اور دیگر واقعات کی نشان دہی اور فوری رپورٹ کرنے کے لیے ایپ متعارف کرادی۔
پی سی اے اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘ولنٹیئری ہیزارڈ/ انسیڈنٹ رپورٹنگ سسٹم’ کے نام سے اینڈرائیڈ ایپ گوگل پلے اسٹور میں دستیاب ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایپ رپورٹنگ کے لیے وسیع پہلووں کا احاطہ کرے گی، جس میں ‘خطرات، واقعات، حادثات، نقصان، کمی، خلاف ورزی، ناکامی اور سروسز’ شامل ہیں۔
پی سی اے اے نے کہا کہ اس ایپ کا مقصد عوام، ایوی ایشن سے منسلک افراد کے لیے آسان اور دوستانہ وسائل فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مسائل، خطرات اور سیفٹی مسائل فوری رپورٹ کرپائیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ایپ کو جہاز اور ایئرپورٹس میں کسی بھی ممکنہ خطرے یا واقعے سے آگاہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سول ایوی ایشن نے کہا کہ واقعات یا خطرات کی رپورٹنگ کرنے والا فرد فائل، تصاویر اور دیگر متعلقہ دستاویزات بھی اپ لوڈ کرسکتا ہے جو واقعے کے ثبوت کے طور پر پیش ہوسکتےہیں۔
مزید کہا گیا کہ رپورٹ کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر کرنا ان کی اپنی صوابدید ہوگی۔
بیان میں بتایاگیا کہ یہ اقدام اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے عام لوگوں، پروازوں کے مسافروں اور ایوی ایشن سےمنسلک لوگوں کو ایوی ایشن کے سیفٹی ماحول کا حصہ بنانے کی کوششوں میں شامل ایک قدم ہے۔
سی اے اے نے کہا کہ ‘پی سی اے اے کا ماننا ہے کہ ایوی ایشن سیفٹی ہر ایک کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے سیفٹی مسائل کو ہمیشہ اہمیت دی جاتی اور اپنی کارکردگی اور معیار بہتر کرنے کے لیے مسلسل مصروف عمل ہیں’۔
بیان میں کہا گیا کہ خطرات کی رپورٹنگ کے لیے پی سی اے اے کی ویب سائٹ پر ایک فارم بھی دستیاب ہے۔