جھنڈے پر کورونا وائرس کی تصویر: چین کا ڈینش اخبار سے معافی کا مطالبہ


چین نے جھنڈے پر کورونا وائرس کا کارٹون بنا کر تمسخر اڑانے والے ڈینش اخبار سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈنمارک کے مشہور اخبار ڈینش نیوز پیپر نے چین میں کورونا وائرس سے متعلق ایک خبر شائع کی جس میں چینی جھنڈے کی تصویر لگائی گئی تھی۔

جھنڈے کی تصویر میں چین کے 5 اسٹارز کے بجائے کورونا وائرس کا کارٹون بنایا گیا جس پر ڈنمارک میں تعینات چینی سفارت خانے نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اخبار کے مدیر سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چین کے جھنڈے پر کورونا وائرس کا کارٹون بنانا غیر اخلاقی کام ہے، اس حرکت سے چینی عوام کے جذبات مجروح ہوئے۔

ڈینش اخبار نے چین کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ تصویر سے ایسا کچھ نہیں ثابت کیا جا رہا جو منفی ہو۔

دوسری جانب ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے اخبار میں شائع تصویر پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

ڈینش وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے پاس اس متعلق کہنے کو کچھ نہیں ہے، ڈنمارک میں آزادی اظہار رائے کے ساتھ سٹائر (طنزو مزاح) کی بھی بھرپور آزادی ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس چین کے وسطی صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے پھیلا ہے جس سے اب تک 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ جب کہ 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

چین سے پھیلتے ہوئے پُراسرار کورونا وائرس کے کیسز سنگاپور، ویت نام، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت 9 ملکوں میں بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں