رانچی:
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھاڑ کھنڈ کی اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات میں 81 سے 30 نشستیں جھاڑ کھنڈ مکتی مورچہ (JMM) نے حاصل کرلیں جب کہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو 25 سیٹوں پر ہی کامیابی مل سکی، کانگریس کے 16 امیدواروں نے انتخابی معرکہ اپنے نام کرلیا۔
جے ایم ایم نے کانگریس اور آر جے ڈی کے ساتھ انتخابی اتحاد بنایا تھا، اس طرح اتحاد کی مجموعی نشستوں کی تعداد 47 ہوگئی جبکہ حکومت بنانے کے لیے 41 ارکان کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہوتا ہے۔ حکمراں جماعت کو شکست فاش کے بعد وزیر اعلیٰ رگھوورداس نے گورنر دروپدی کو استعفیٰ پیش کردیا تاہم نئی حکومت کی تشکیل تک وہی کام کرتے رہیں گے۔
گزشتہ انتخابات میں مودی کی جماعت کو اس ریاست سے سادہ اکثریت حاصل ہوئی تھی اور اس نے 5 سال بلا شرکت غیرے جھاڑ کھنڈ میں حکومت کی تاہم بری کارکردگی اور متعصبانہ پالیسیوں کے باعث بی جے پی کو اپنے مضبوط گڑھ سے شکست کی ہزیمت اُٹھانی پڑی اور بی جے پی کے وزیر اعلیٰ رگھوور داس بھی اپنی نشست نہیں بچاسکے۔