پاکستانی شوبر انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور میزبان جگن کاظم سرخ جوڑا پہنے شہنائیوں کی گونج میں ایک بار پھر ڈولی میں بیٹھ گئیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر میزبان نے ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں انہیں ڈولی میں بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
حسب روایت شادی کی سالگرہ کے موقع پر جگن کاظمی نے اپنے شوہر کو سرپرائیز دے کر حیران کردیا، سرپرائیز دیکھ کر ان کے شوہر فیصل کے لبوں پر بھی مسراہٹ آ گئی۔
ہر سال کی طرح اداکارہ نے اس سال بھی اپنی شادی کی سالگرہ منفرد انداز میں منائی اور ڈھول کی تھاپ، بینڈ باجے اور شہنائیوں کی گونج میں ڈولی میں بیٹھ کر گھر آگئی اور اپنے شوہر فیصل کو 11ویں شادی کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر ویڈیو کلپ میں ان کے تمام اہلِ خانہ اداکارہ کا منفرد انداز دیکھ کر خوش نظر آئے۔
ویڈیو کلپ میں جگن کاظمی کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ سال کا وہ وقت پھر آگیا ہے یعنی میری اور فیصل کی شادی کی سالگرہ، گزشتہ برس تو میں نے فیصل کو کہہ دیا تھا کہ میں ہر بار جو تماشہ لگاتی ہوں اس بار نہیں لگاؤں گی اور ظاہر ہے میں نے جھوٹ بولا تھا اتنے جھوٹ تو زندگی میں چلتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ کی گئی ویڈیو کلپ کے کیپشن میں بھی اپنے شوہر کو شادی کی 11ویں سالگرہ کی مبارک باد دیتےہوئے لکھا کہ ’میں نے وہی دوبارہ کیا، آپ کو شرمندہ کرنے کے لیے نت نئے طریقے مسلسل 11 برسوں سے ڈھونڈ رہی ہوں، شادی کی سالگرہ مبارک ہو‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس شادی کی 10ویں سالگرہ منانے کے لیے جگن بگی کے ساتھ وائیلن بجانے والوں کو گھر لے آئیں تھی، جنہوں نے بالی ووڈ کے کنگ خان کی مشہور فلم ’محبتیں‘ کا مقبول گانا ’زندہ رہتی ہیں محبتیں‘ وائیلن کی دھن پر پیش کیا تھا، جبکہ اداکارہ نے اپنے شوہر کو گلاب کے پھولوں کا ہار پہنا کر مبارک باد دی اور بگی کی سواری پر لے گئیں تھی۔