جوہانسبرگ ٹیسٹ: فہیم اشرف اور شاداب خان کو موقع دینے کا فیصلہ


جوہانسبرگ: جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ٹور سلیکشن کمیٹی نے فہیم اشرف اور شاداب خان کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم 4 فاسٹ بولر اور ایک اسپنر کے ساتھ حملہ آور ہونے کی تیاری کررہی ہے۔

ابتدائی دونوں ٹیسٹ ہارنے کے بعد وائٹ واش سے بچنے کیلئے پاکستانی ٹیم جمعے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں پانچ بولروں کے ساتھ میدان میں اترے گی اور ٹیم انتظامیہ جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے طویل عرصے بعد پانچ بولروں اور چھ اسپیشلسٹ بلے بازوں کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔

سیریز میں 0-2 کے خسارے میں جانے والی پاکستانی ٹیم میں 4 فاسٹ بولر اور ایک اسپنر شاداب خان ہوں گے جب کہ طویل قامت فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کریں گے اور فہیم اشرف کو ان کی جگہ موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کا 4 فاسٹ بولروں کا اسکواڈ محمد عامر، محمد عباس،فہیم اشرف اور حسن علی پر مشتمل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اننگز کا آغاز امام الحق کے ساتھ شان مسعود کریں گے جب کہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم اور سرفراز احمد ہوں گے۔

دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق بھی کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں آگئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میری سرفراز احمد اور مکی آرتھر سے الگ الگ بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ٹیسٹ سیریز کی کارکردگی سے مایوس ہیں لیکن پر امید ہیں کہ صورتحال اگلے میچوں میں بہتر ہوگی۔

انضمام الحق نے کہا کہ میں ایک بڑی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہا ہوں، ہر ٹیم میں ایک وقت ایسا آجاتا ہے جب وہ اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرتی لیکن ہمیں اپنی ٹیم اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں