جوڈوکا شاہ حسین شاہ کی اولمپکس تک رسائی کیلئے فنڈز کا مطالبہ


پاکستان جوڈو فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے جوڈوکا شاہ حسین شاہ کی اولمپکس تک رسائی کو ممکن بنانے کے لئے اسپیشل گرانٹ کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سربراہ کرنل جنید عالم کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کے نام خط لکھا گیا ہے جس میں ان سے جوڈوکا شاہ حسین شاہ کی اولمپکس کوالیفائنگ میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے فنڈز کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جیو نیوز کو موصول تفصیلات کے مطابق پی جے ایف نے پی ایس بی کو بتایا ہے کہ اولمپکس کوالیفائنگ تک رسائی کے لیے شاہ حسین شاہ کو دسمبر تک سات ٹورنامنٹس کھیلنا ہوں گے جس کے پوائنٹس کافی اہم ہیں۔

گزشتہ 16 ماہ کے دوران شاہ حسین شاہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے صرف تین ٹورنامنٹس کھیل پائے جس کی وجہ سے وہ رینکنگ پوائنٹس سے بھی محروم رہے، اسپورٹس بورڈ کو بتایا گیا ہے کہ شاہ حسین شاہ اگر کوچ کے ساتھ ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گے تو 34 لاکھ روپے درکار ہوں گے اور کوچ کے بغیر شرکت کے لیے کم از کم 20 لاکھ روپے لگ جائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں