جنید خان کا شمار پاکستان کے ان فنکاروں میں کیا جاتا ہے جو متعدد صلاحیتوں کے حامل ہیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز گلوکاری کے ساتھ کیا تھا وہیں اب وہ پاکستان کے بہترین اداکار مانے جاتے ہیں۔
ڈراموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے جنید خان، اس وقت اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اب اداکار نے اپنا خود کا یوٹیوب چینل بھی لانچ کردیا ہے۔
جنید خان نے اپنا یوٹیوب چینل مداحوں کے ساتھ مزید رابطے میں رہنے کے لیے لانچ کیا۔
اداکار نے اپنا پہلا ویڈیو لاگ بھی ریلیز کردیا جس میں انہوں نے مداحوں کو اپنی فٹنس کا راز بھی بتایا۔
اس حوالے سے جنید خان کا کہنا تھا کہ ‘میرا ایک اور یوٹیوب چینل بھی ہے لیکن وہ میرے میوزک کے لیے ہے، یہ چینل میں نے اپنے مداحوں سے مزید رابطے میں رہنے کے لیے بنایا ہے’۔
جنید خان کے مطابق ان کے اس یوٹیوب چینل پر فٹنس، صحت اور اچھے لائف اسٹائل پر فوکس کیا جائے گا۔
اپنے یوٹیوب چینل کا نام انہوں نے اپنے بینڈ کے نام سے ملا کر ‘کال جنید خان’ رکھا۔
واضح رہے کہ جنید خان سے قبل اقرا عزیز اور جویریہ سعود جیسی اداکارائیں بھی اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرچکی ہیں۔
اداکاری کے حوالے سے بات کی جائے تو جنید خان اس وقت اپنی پہلی فلم ‘کہے دل جدھر’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو اگلے سال ریلیز ہوگی۔
وجدان پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی ہدایات جلال رومی دے رہے ہیں۔
فلم کی کہانی کامران باری نے تحریر کی جبکہ اس کی کاسٹ میں منشا پاشا اور ساجد حسن بھی شامل ہیں۔