جنوبی کوریا کے حکام نے ملک میں 91 مریضوں کے دوبارہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق کوریا سینٹرز فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (کے سی ڈی سی) کے ڈائریکٹر جی اونگ اون کی اونگ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مریض دوبارہ وائرس سے متاثر نہیں ہوئے بلکہ شاید وائرس دوبارہ متحرک ہوگیا ہے۔
جنوبی کوریا کے صحت حکام نے کہا کہ یہ ابھی غیر واضح ہے کہ اس رجحان کے پیچھے کون سی چیز کارفرما ہے، جبکہ وبا سے متعلق تحقیقات جاری ہے۔
وائرس کا شکار افراد کے دوبارہ اس سے متاثر ہونے کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے، کئی ممالک کو امید ہے کہ وائرس سے متاثرہ آبادی کی قوت مدافعت اس حد تک بڑھ گئی ہوگی کہ وہ دوبارہ اس سے متاثر نہیں ہوں گے۔
جنوبی کوریا میں وائرس سے دوبارہ متاثر ہونے والوں کی تعداد پیر تک 51 تھی۔
جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے لگ بھگ 7 ہزار افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
کوریا یونیورسٹی گُرو ہسپتال کے متعدی امراض کے پروفیسر کِم وو جو نے کہا کہ 91 افراد کے دوبارہ وائرس سے متاثر ہونا ابتدا ہے، یہ تعداد ابھی بڑھے گی۔
ان کا بھی کہنا تھا کہ مریض، وائرس سے دوبارہ متاثر نہیں ہوئے بلکہ ممکنہ طور پر پُرانی حالت میں واپس آگئے ہیں۔
دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے غلط نتائج بھی اس کی وجہ ہوسکتے ہیں یا ہوسکتا ہے کہ مریضوں کے نظام میں وائرس کی باقیات رہ گئی ہوں جو مریض یا دیگر کے لیے خطرناک نہ ہوں۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں جمعہ کو کورونا وائرس کے 27 نئے کیسز سامنے آئے تھے جو فروری میں ملک میں وبا پھیلنے کے بعد سب سے کم ہیں۔
نئے کیسز کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 450 ہوگئی ہے۔
کے سی ڈی سی کے مطابق ملک میں وائرس سے اموات 211 ہوچکی ہیں۔