جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے کچرے کے غباروں کا جواب لاؤڈ اسپیکر نشریات سے دینے کا فیصلہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا میں کچرے سے بھرے غبارے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول اور سرحدی علاقوں میں پہلے دن اورپھر رات بھر کچرے سے بھرے غبارے دیکھے گئے۔
ان غباروں سے تنگ آکر جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل نے جوابی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ 9 جون کو شمالی کوریا کی طرف لائوڈ اسپیکر سے نشریات شروع کی جائے گی اور یہ اقدام شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اور ان کی حکومت کے لیے “ناقابل برداشت” ہو گا۔
کونسل نے مزید کہا کہ ہم جو اقدامات کریں گے وہ شمالی کورین حکومت کے لیے تو ناقابل برداشت ہو سکتے ہیں لیکن ان سے شمالی کوریا کے فوجیوں اور اس کے عوام کو امید اور روشنی کا پیغام ملے گا۔
شمالی کوریا کچرے کے غبارے کیوں بھیج رہا ہے؟
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ شمالی کوریا نے مئی 2024 میں کچرے سے بھرے غبارے بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
شمالی کورین ذرائع کے مطابق جنوبی کوریا کی جانب سے پروپیگنڈا مہم چلائی گئی تھی جس کے دوران انہوں نے شمالی کوریا کے خلاف پرچے اڑائے تھے اور اسی وجہ سے جوابی کارروائی کے طور پر غبارے بھیجے گئے۔