جنوبی افریقی صدر کو عوام کو ماسک پہن کر دکھانا مہنگا پڑگیا


جنوبی افریقا کے صدر سِرل رامافوسا کو  کورونا وائرس کے حوالے سے قوم سے خطاب کے دوران عوام کو ماسک پہن کر دکھانا مہنگا پڑگیا۔

جنوبی افریقا کے صدر نے عوام سے خطاب میں کورونا وائرس کے حوالے سے جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا۔

اس دوران جنوبی افریقا کے صدر نے عوام کو سماجی فاصلہ رکھنے اور ماسک پہن کر گھر سے نکلنے کی ترغیب دینے کیلئے خود بھی ماسک پہننا چاہا لیکن  ان کی یہ کوشش مذاق بن گئی۔

جنوبی افریقی صدر تقریر کے دوران ماسک کو بھی درست انداز میں نہ بول سکے اور ماسک پہننے کی کوشش کے دوران کئی بار ماسک ان کے ناک اور منہ کے بجائے ماتھے اور آنکھوں کے گرد لپٹا رہا تاہم مسلسل کوشش کے بعد وہ ماسک پہننے میں کامیاب ہوگئے۔

جنوبی افریقا کے صدر کے ماسک پہننے کا انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اورباقاعدہ طنزو مزاح کی صورت اختیار کرگیا۔

یہی نہیں بلکہ ٹوئٹر پر ان کے ماسک چیلنج کے دو ٹرینڈز بھی زیر گردش ہیں جہاں سوشل میڈیا صارفین ان کی نقل اتارنے میں مصروف ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے میمز کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مقامی میڈیا نے بھی صدر کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث جنوبی افریقا میں 75 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 4 ہزار افراد وائرس سے متاثرہ ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں