جنوبی افریقہ میں 5، 5 گولڈ میڈلز جیتنے والی تینوں بہنوں ویرونیکا سہیل، سیبل سہیل اور ٹوئنکل سہیل نے پاکستان کے ہائی کمشنر آفتاب حسن سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران تینوں بہنوں نے ہائی کمشنر آفتاب حسن کو ایونٹس کی تفصیلات بتائیں اور پاکستان ہاؤس میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات لکھے۔
تینوں بہنوں نے حوصلہ افزائی پر ہائی کمشنر آفتاب حسن کا شکریہ ادا کیا۔
ہائی کمشنر آفتاب حسن نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ تین بہنوں نے میڈلز جیتے، پاکستان سے باہر آ کر خواتین پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 گولڈ میڈلز جیتنے پر پاکستان کی قوم کو ان کا شکر گزار ہونا چاہیے، میں ان کے والد کو خراج تحسین پیش کروں گا جنہوں نے ان کی کھیل میں سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کی چوتھی بہن مریم کسی وجہ سے نہیں آ سکیں، چار بہنوں کی شاید ہی ایسی مثال ملے جو ایک کھیل سے وابستہ ہوں، ان بہنوں کے کوچز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔