جنرل سلیمانی کی ہلاکت کا سخت انتقام لیں گے، ایرانی سپریم لیڈر


تہران: 

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے پیچھے چھپے مجرموں سے سخت انتقام لیں گے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل سلیمانی کی ہلاکت پر ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے پیچھے چھپے مجرموں سے سخت انتقام لیں گے جب کہ مزاحمتی تحریک مزید طاقت کے ساتھ آگے بڑھے گی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے حملے میں جنرل سلیمانی کی شہادت ایک انتہائی خطرناک اور احمقانہ حرکت ہے، امریکا اپنی بدمعاش مہم جوئی کے تمام نتائج کی ذمہ داری خود برداشت کرے گا۔

واضح رہے کہ آج عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پرامریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی جاں بحق ہوگئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں