جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ وفاق کو منتقل


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جناح، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور صحت اطفال (این آئی سی ایچ)کی وفاق کو منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے 17 جنوری 2019 کے احکامات کی روشنی میں منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ کورڈینیشن نے نوٹیفکیشن گزٹ جاری کردیا۔

وفاق کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جناح ،قومی ادارہ برائے امراض قلب ،قومی ادارہ برائے صحت اطفال اب وفاقی حکومت کے تحت چلائے جائیں گے۔

وفاقی حکومت کے نوٹی فکیشن کا عکس

تینوں اسپتالوں کے تمام انتظامی امور اب منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ کورڈینیشن کے تحت چلائے جائیں گے اور تینوں اسپتالوں کے ملازمین اب وفاق کے ماتحت کام کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تینوں اسپتالوں کے ملازمین کے کوائف متعلقہ وزارت پہلے ہی حاصل کرچکی ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں اسپتالوں کی موجودہ انتظامیہ کو اسپتال کے اثاثہ جات کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاق کو تمام امور کی منتقلی میں کم سے کم 2 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسپتالوں کی وفاق کو واپسی کی منظوری 2 اپریل کے اجلاس میں دی تھی جب کہ سندھ حکومت اس تمام معاملے پر عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کرچکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں