جماعت اسلامی کے تحت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، کراچی میں بجلی، پانی کے بحران ، ٹرانسپورٹ اور صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال پر ‘کراچی کو عزت دو’ کے نام سے ریلی کا اہتمام کیا گیا۔
جماعت اسلامی کا عوامی مارچ سہراب گوٹھ سے شروع ہو کر ضلع وسطی اور شرقی سے ہوتا ہوا مزار قائد کے قریب ختم ہوا جس میں خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت وینٹی لیٹر پر ہے اور اس کے دن تھوڑے نظر آرہے ہیں، عوام مہنگائی اور ٹیکسوں سے بیزار ہوگئے ہیں لیکن جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست کا ساتھ نہیں دیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں چینی کی بہتات ہے، سیمنٹ کے پہاڑ کھڑے ہیں، حکمران بتائیں کہ چینی اور سیمنٹ کی قیمتیں کس مافیا کو خوش کرنے کیلئے بڑھائیں؟
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کو سبز باغ دکھائے، نہ ملازمتیں دیں نہ گھر بلکہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو بیروزگار کر دیا۔
سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں نہ پانی ہے نہ بجلی اور نہ ہی ٹرانسپورٹ، پارک، اسپتال اور تعلیمی ادارے سب تباہ ہیں، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے لوگ بنیادی سہولتوں کیلئے بھی پریشان ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں 200 فیصد بڑھ گئی ہیں، ایک سال کے دوران حکمرانوں کی نالائقی سے روپے کی قیمت میں 37 فیصد کمی آئی۔
سراج الحق نے کہا کہ دنیا آگے بڑھ رہی ہے اور ہمارے حکمران انڈے اور مرغی سے معیشت بہتر بنانے کی باتیں کر رہے ہیں۔