لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے صحافی عمران ریاض کی زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے عمران ریاض کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئےچیف جسٹس سے درخواست کسی اور بینچ کے روبرو سماعت کے لیے مقرر کرنےکی سفارش کردی۔
یاد رہے کہ 1 مارچ کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں صحافی عمران ریاض کا 5 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا، عمران ریاض نے گزشتہ روز زمان پارک میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کو چیلنج کیا تھا۔
واضح رہے کہ 22 فروری کو اعلیٰ ترین عدلیہ اور ججز کے خلاف نفرت انگیز مہم کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے یوٹیوبر اسد طور اور صحافی عمران ریاض کو طلب کیا تھا۔
اس کے اگلے روز عمران ریاض کو 22 اور 23 فروری کی درمیانی شب سادہ کپڑوں میں ملوث اہلکاروں نے گھر سے گرفتار کیا تھا۔
یاد رہے کہ 18 مارچ کو جب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اسلام آباد میں جج کے سامنے پیش ہونے کے لیے لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے نکلے تو پولیس کی بھاری نفری نے ان کے گھر پر سرچ آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد ان کی پارٹی کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اس کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت توڑ پھوڑ، جلاؤ، گھیراؤ کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔