جرمنی نے کورونا کی ویکسین تیار کر لی، انسانوں پر آزمائش شروع


جرمنی کی ایک دوا ساز کمپنی نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرکے اس کی انسانوں پر آزمائش شروع کر دی ہے۔

امریکی کمپنی فائزر کے ساتھ مل کر کام کرنے والی جرمنی کی مشہور دوا ساز کمپنی بائیواین ٹیک نے بتایا ہے کہ BNT162  نامی ویکسین23 اپریل سے 12 افراد کو دی جا رہی ہے۔

جرمن کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اگلے مرحلے میں اس ویکسین کی 200 افراد پر مشتمل گروپ پر آزمائش شروع کرے گی جن کی عمریں 18سے 55 سال کے درمیان ہوں گی۔

یاد رہےکہ جرمن کمپنی سمیت دنیا بھرمیں کئی کمپنیاں اور ادارے اس وقت کورونا وائرس کی 100 سے زائد ویکسینز پر کام کر رہے ہیں جن میں سے پانچ کی انسانوں کی پر آزمائش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

تاہم ماہرین کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس کی محفوظ ترین ویکسین کی تیاری میں اب بھی کم از کم ایک سال کا وقت لگے گا۔

جرمن کمپنی کے علاوہ آکسفورڈ یونیورسٹی بھی انسانوں پر اپنی ویکسین کی آزمائش کا آغاز کر چکی ہے اور اس کی وسیع پیمانے پر تیاری کے لیے ایک برطانوی دوا ساز کمپنی کے ساتھ معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔

امریکا کی کمپنی جی ایس کے اور فرانس کی کمپنی سنوفی بھی ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں اور ان کی انسانوں پر آزمائش بھی اسی سال کے دوسرے حصے میں شروع ہو گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں