احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی برطرفی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے اظہار تشکر پر مجھے ہنسی آرہی ہے۔
اپنے وڈیو بیان میں شہباز گل نے کہا کہ جج ارشد ملک کے بارے میں فیصلہ انتظامی فیصلہ ہے، شہبازشریف نے اظہار تشکر کا اعلان کیا ہے، مجھے ہنسی آرہی ہے، یہ اظہار تشکر ویسا ہی ہے جیسا پاناما کے کیس کے بعد مٹھایاں بانٹی گئیں اور پھر جب کسی سمجھدار بندے سے سمجھا گیا تو اس کے بعد افسردگی طاری ہوگئی۔
شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز، ناصربٹ، ناصر جنجوعہ کے پاس مبینہ غیر اخلاقی وڈیو تھی، مریم نواز، ناصربٹ اور ناصر جنجوعہ انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے تھے، ایک چارج شیٹ ارشد ملک پر تھی اور دوسرا بلیک میلرز کا گروپ تھا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ایک سائیڈ کو توسزا مل گئی، اب دوسری سائیڈ کو تو ملنی ہی ہے سزا، ارشد ملک کو سزا ملی ہے تو اب بلیک میلرز کی بھی باری ہے، بلیک میلرز کو بھی سزا ملنی ہے، ان کو تو چھوڑ نہیں دیا جائے گا۔
شہباز گل نے کہا کہ اظہار تشکر مت فرمائیے، کسی بندے سے سمجھ لیں جسے انگریزی آتی ہو۔