جتنی شفافیت ٹینڈر اور بڈنگ میں لائیں گے اتنی کرپشن کم ہوگی، وزیر اعظم


وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جتنی شفافیت ٹینڈر اور بڈنگ میں لائیں گے کرپشن اور رشوت کا رحجان کم ہوتا چلا جائے گا۔

اسلام آباد میں ای بڈنگ، ای بلنگ اور جی آئی ایس میپنگ سے متعلق ادارے (این ایچ اے) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں کرپشن اور رشوت کی جڑیں اس قدر مضبوط اور گہری ہوچکی ہیں کہ ملک کے نظام میں کرپشن کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 20 سال سے پیپر لس نظام فعال ہے جس کی وجہ سے کرپشن اور بدعنوانی کا گراف غیرمعمولی طور پر کم ہوگیا کیونکہ آٹومیشن طریقے سے شفافیت کا پہلوؤں نمایاں رہتا ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں تبدیلی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی نہ آنے کی بڑی وجہ ‘اسٹیٹس کو’ ہے جسے آپ مافیا بھی کہہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پرانے نظام سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے۔

وزیر اعظم عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم نے کرپشن اور سفارش کو ختم کرنے کے لیے پورے ہسپتال کے انتظامی امور کو پیپر لیس کردیا جس کے بعد اب ادھر کوئی کرپشن نہیں ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی خرید و فروخت سے لیکر تمام انتظامی امور ای بڈنگ اور ای بلنگ پر فعال ہے۔



اپنا تبصرہ لکھیں