سوشل میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان کی ڈیڑھ دہائی پرانی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو 2006 کی ہے اور اس وقت عمران خان رکن اسمبلی تھے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ نے 14 سال قبل 2006 میں بھارتی دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے ’این ٹی ڈی وی‘ کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔
مذکورہ پروگرام میں عمران خان نے سیاست اور پاک – بھارت تعلقات پر بات کرنے سمیت دونوں ممالک کے تعلقات، کرکٹ اور شوبز پر بھی بات کی تھی۔
پروگرام کے دوران جب میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا کبھی انہیں بولی وڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی؟ جس پر عمران خان پہلے تو مسکرائے اور پھر جواب دیا کہ ’عین ممکن ہے کہ ان کی بات پر لوگوں کو یقین نہ آئے لیکن انہیں ایک معروف اداکار نے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی‘۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان نے یہ جواب مسکراتے ہوئے دیا اور انہوں نے اداکار کا نام لینے سے گریز کیا تاہم میزبان نے انہیں اداکار کا نام بتانے اصرار کیا۔
عمران خان نے میزبان کے بے اصرار پر بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار دیو آنند کا نام لیا اور کہا کہ انہوں نے انہیں فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی اور وہ انہیں پیش کش کرنے کے لیے انگلینڈ آئے تھے۔
عمران خان نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ تاہم انہوں نے دیو آنند کی پیش کش ٹھکرادی کیوں کہ انہیں لگتا تھا کہ ’وہ اداکاری نہیں کر سکتے‘۔
عمران خان نے بولی وڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ٹھکرانے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا مزید کہا کہ ’چوں کہ وہ ایک کرکٹر تھے اور انہیں کھیل کے علاوہ کچھ نہیں آتا تھا اور انہیں لگتا تھا کہ وہ اداکاری نہیں کر سکیں گے اس لیے انہوں نے پیش کش مسترد کردی‘
عمران خان نے پروگرام میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں بھارتی فلم ساز اسماعیل مرچنٹ نے بھی فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی۔
عمران خان کی پرانی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بولی وڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ٹھکرانے کی ان کی خبر نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی و عالمی میڈیا نے بھی خبریں شائع کیں۔