آج کل بھارتی میڈیا پر بالی ووڈ کی مشہور فیملی، بچن خاندان کا کافی ذکر ہو رہا ہے جس کی بڑی وجہ اس خاندان کے نجی معاملات اور آپسی تلخیاں ہیں۔
ایک جانب بچن خاندان کی واحد بہو، سابقہ مس ورلڈ، ایشوریا رائے اپنا سسرال چھوڑ کر اکلوتی بیٹی آردھیا کے ہمراہ اپنی والدہ کے گھر شفٹ ہو گئی ہیں تو دوسری جانب میڈیا کی جانب س اس خاندان کی واحد بیٹی، شویتا بچن نندا کا اپنے میکے میں ضرورت سے زیادہ عمل دخل بتایا جاتا ہے۔
اداکارہ ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طلاق سے متعلق افواہیں بھی گزشتہ کئی ماہ سے زیرِ گردش ہیں۔
اداکار ابھیشیک بچن اپنے والدین امیتابھ بچن اور جیا بچن کے ساتھ رہائش پزیر ہیں جبکہ اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ایشوریا رائے کے ساتھ تاحال شادی قائم ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایسی صورتحال میں بھارتی سوشل میڈیا پر جیا بچن کا بہو، ایشوریا سے متعلق دیا گیا بیان خوب وائرل ہے۔
اس بیان میں جیا بچن اپنی اولاد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ میں ایک بہت سخت مزاج ماں ہوں، مگر میں ایشوریا کے لیے بہت مختلف ہوں، ایشوریا رائے میری بیٹی نہیں بلکہ میری بہو ہے اور بہو اور بیٹی میں فرق ہوتا ہے۔
جیا بچن کا کہنا ہے کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ بہت سخت رہی ہوں، میزبان کے سوال پوچھنے کہ ’کیا آپ اپنی بہو ایشوریا رائے کے ساتھ بھی سخت ہیں؟‘ اس کے جواب میں تجربہ کار اداکارہ نے کہا کہ ایشوریا رائے میری بیٹی نہیں بلکہ میری بہو ہیں، اس لیے میں ایشوریا کے ساتھ اتنی سخت نہیں ہو سکتی۔
جیا بچن نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایشوریا کی والدہ ان کے ساتھ سخت رہی ہوں گی۔
جیا بچن اس ویڈیو میں ایشوریا رائے کو بطور اپنی ’بیٹی‘ ماننے سے واضح طور پر انکار کرتی نظر آ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں دیے گئے ایک اور انٹرویو کے دوران جیا بچن کا کہنا تھا کہ میرے شوہر، امیتابھ بچن نے کبھی ایشوریا رائے کو ’بہو‘ نہیں سمجھا ہے، وہ ایشوریا رائے کو اپنی بیٹی ہی سمجھتے ہیں۔