یوکوہاما:
جاپان میں اس وقت دنیا کے سب سے بڑے تفریحی روبوٹ کی تیاری پر کام ہورہا ہے۔ اس کی اونچائی 60 فٹ یعنی 18 میٹر ہے اور یہ 24 درجے پر گھومنے کے علاوہ دھیرے دھیرے چل بھی سکے گا۔
دیوقامت روبوٹ کی بلندی کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ صرف اس کا ایک بازو 2 میٹر سے بھی لمبا ہے جس کا وزن 440 پونڈ ہے۔ اسے ماہرین نے ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کا ایک شاہکار قرار دیا ہے جس کی تیاری میں بہت محنت صرف ہورہی ہے۔ روبوٹ کا مجموعی وزن 25 ٹن کے لگ بھگ ہے۔
روبوٹ کو ’گاندم‘ کا نام دیا گیا ہے جو 1979 میں جاپان کی مشہور کارٹون سیریز کا ایک کردار ہے۔ یہ جاپانی ثقافت اور ٹیکنالوجی سے محبت، دونوں ہی کو ظاہر کرتا ہے۔ گاندم روبوٹ کو کارٹونوں میں اسے ایک بڑی سیمورائی تلوار کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد ناولوں، کہانیوں اور 50 سے زائد ٹی وی سیریز اور فلموں میں گاندم کو پیش کیا گیا۔ اس کے بعد ٹرانسفارمر سیریز بھی اس سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔ اب بھی اس کے چھوٹے کھلونے لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں فروخت ہوتے ہیں۔
اگرچہ اس کے بلند قامت ڈیزائن بنائے گئے ہیں لیکن گاندم ان سب سے مختلف ہوگا اور یوں قدم اٹھاکر آگے بھی بڑھ سکے گا۔ اس کی تیاری کے لیے گاندم فیکٹری قائم کی گئی ہے جہاں دن رات روبوٹ سازی پر کام جاری ہے۔ اس میں لاتعداد موٹرز، سنسرز، ہزاروں برقی آلات اور ایکچویٹر لگائے گئے ہیں۔ اس کے تمام حصوں کی ڈیزائننگ اور تیاری کے ساتھ وزن کو ایک خاص حد تک رکھنا نہایت مشکل کام تھا جو خوش اسلوبی سے جاری ہے۔
دوسرا مشکل کام قدم اٹھاتے ہوئے روبوٹ کو متوازن رکھنا ہے جس پر سنجیدگی سے غور جاری ہے۔ جب گاندم کردار کے خالق یوشی یوکی کو روبوٹ دیکھنے کی دعوت دی گئی تو وہ سخت غصہ ہوئے اور اس کے ڈیزائن پر بہت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ 40 سالہ روبوٹ کو ڈیزائن کرنے میں جدت کے بجائے الٹا اسے مزید پرانا بنایا گیا ہے۔ انجینئروں نے ان کے مشوروں کو سنا اور اس کے مطابق روبوٹ تیار کررہے ہیں۔
چارمنزلہ متحرک روبوٹ کو یوکوہاما کے اہم تفریحی مقام پر رکھا جائے گا۔