جاپان میں خود کشی کے لیے شاپنگ سینٹر سے چھلانگ لگانے والی طالبہ راہ گیر خاتون پر آ گری، جس کے نتیجے میں دونوں خواتین ہلاک ہو گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جاپان کے شہر یوکوہاما میں 17 سالہ ہائی اسکول کی طالبہ نے شاپنگ سینٹر کی عمارت سے چھلانگ لگائی جو نیچے موجود 32 سالہ خاتون پر آ گری۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں خواتین کو فوری اسپتال لے جایا گیا، جہاں تقریباً 1 گھنٹے بعد لڑکی کی موت واقع ہو گئی جبکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد زخمی ہونے والی خاتون بھی دم توڑ گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ لڑکی نے خودکشی کیوں کی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل جاپان میں یکم ستمبر کو دیگر دنوں کے مقابلے میں زیادہ افراد نے خودکشی کی، ان افراد کی عمر 18 سال سے کم تھی۔
رپورٹ کے مطابق جاپان میں نوجوانوں کی خودکشی کا رجحان بڑھ رہا ہے، گزشتہ سال جاپان میں 513 بچوں نے اپنی جان لی، اسکول کے مسائل خود کشی کی عام وجہ ہیں۔