نئی دہلی:
بھارتی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر پولیس کی جانب سے وحشیانہ تشدد اور مظاہروں پر خاموشی اختیار کرنے پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے بالی ووڈ کے تینوں خانز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بھارت میں مسلم مخالف متنازع بل کے باعث مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں جو حیدر آباد، کولکتہ اور ممبئی سمیت مختلف شہروں تک پھیل چکے ہیں۔ دلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی اس متنازع قانون کے خلاف مظاہرے ہوئے اور طلبا اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپ پوئی جب کہ پولیس نے طلبا کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے معاملے پراکشے کمارکا دوغلا پن سامنے آگیا
بالی ووڈ کے بہت سے بڑے نام جامعہ ملیہ یونیوسٹی سے منسلک ہیں جن میں شاہ رخ خان کا نام سرفہرست ہے۔ شاہ رخ خان جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق طالبعلم رہ چکے ہیں۔ تاہم جامعہ کے طلبا پرپولیس کی جانب سے کیے جانےوالے تشدد پر شاہ رخ ، سلمان اورعامر خان کی جانب سے ابھی تک کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے اور بالی ووڈ کے تینوں خانز کی خاموشی پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جب کہ سوشل میڈیا پر ’’شیم آن بالی ووڈ‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے تینوں خانز کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا شاہ رخ خان جامعہ کا سابق طالبعلم اور آزادی کے لیے لڑنے والے بہادر کا بیٹا۔ عامر خان جن کا تعلق آزادی پسند خاندان سے ہے۔ سلمان خان خود کو انسانیت کا علمبردار کہنے والے۔ بھارت نے ان کو اسٹار بنایا، لیکن جب آپ کی آواز کی ضرورت ہے آپ خاموش ہیں۔ آپ کس سے خوفزدہ ہیں؟
ملک فاروق نامی صارف نے لکھا شاہ رخ خان جامعہ جل رہی ہے یہ خاموشی کیوں؟
شبھم سنگھ نامی صارف نے لکھا ڈیئر شاہ رخ خان آپ جامعہ ملیہ کے سابق طالبعلم ہیں لیکن اس وقت آپ کی خاموشی بہت پریشان کن ہے۔ آپ میں محبت کی وہ طاقت ہے جو جادو کردیتی ہے۔ یہی وقت ہے مہربانی کرکے کچھ تو بولیں۔
ایک اور صارف نے لکھا شاہ رخ خان جامعہ کے سابق ہونہار طالبعلم، مجھے معلوم ہے آپ کو بھارتی مسلمانوں کی کوئی فکر نہیں لیکن کم سے کم پولیس کی جانب سے کیمپس میں کیے جانے والے تشدد پر کچھ تو بولیے، جہاں آپ نے بطور طالبعلم کئی برس گزارے ہیں۔