پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل ثروت گیلانی کو اپنے گھریلو ملازمین کو وٹامنز اور کیلشیم کی ڈرپس لگوانا مہنگا پڑ گیا۔
یاد رہے کہ اداکارہ ثروت گیلانی طویل عرصے سے ڈرامہ اسکرین سے غائب ہیں مگر سوشل میڈیا پر متحرک رہنے اور یکے بعد دیگرے اپنے انٹرویوز کے سبب وہ آج بھی خبروں میں اِن رہی ہیں۔
فلم ’جوئے لینڈ‘ اور ’چڑیل‘ کی اداکارہ ثروت گیلانی نے دو روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں اپنے گھریلو ملازمین کو وٹامنز اور کیلشیم کی ڈرپس لگواتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ثروت گیلانی کے تقریباً 5 سے 6 گھریلو ملازمین یہ ڈرپس لگوا رہے ہیں جن میں خواتین اور خود اداکارہ بھی شامل ہیں۔
اداکارہ نے اس پوسٹ کے کیپشن میں دوسروں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ بھی وٹامنز کی ڈرپس لگوائیں اور اس سے اپنے گھریلو ملازمین کی بھی گرمی کے موسم میں ان ڈرپس کے ذریعے مدد کریں۔
ثروت گیلانی نے کیپشن میں وٹامنز کی ڈرپس کے فوائد پر بھی بات کی ہے۔
اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں اداکارہ ثروت گیلانی کے فالوورز اُن پر تنقید کر رہے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو کو دیگر پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا ہے جن کے کمنٹ باکس میں ثروت گیلانی پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ ثروت گیلانی کو اپنے گھریلو ملازمین کے لیے لسی، لیموں پانی اور دیگر فائدہ مند مشروبات سمیت بہتر غذا جیسے کہ مٹن، بیف، چکن، دودھ، دہی، انڈے اور پھلوں کا انتظام کرنا چاہیے نہ کہ غریب ملازمین کو ڈرپس لگوائیں۔
صارفین کا مزید کہنا ہے کہ اداکارہ کو چاہیے کہ وہ ملازمین کو یہ فضول ڈرپس نہ لگوائیں بلکہ اُن کی تنخواہ بڑھا دیں، ملازمین اپنے لیے خود بہتر غذا کا انتظام کر لیں گے۔
ثروت گیلانی کی اس ویڈیو پر ناصرف صارفین بلکہ طبی ماہرین کا بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس طرح وٹامنز اور منرلز کی ڈرپس لگوانا بھی فائدے کے بجائے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، بہتر اور متوازن غذا سے بڑھ کر کوئی چیز فائدہ مند نہیں ہے۔