بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے رواں سال اکتوبر میں تصدیق کی تھی کہ ان کی بہن دسمبر میں شادی کرنے جارہی ہیں اور اب ان کی شادی کی تقریبات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آگئیں۔
ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کی شادی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کے بیٹے اسد الدین کے ساتھ ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے ان کی شادی سے متعلق خبریں میڈیا میں سامنے آتی رہی ہیں۔
یہی نہیں بلکہ جوڑے نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز خود بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیں۔
اس کے علاوہ ثانیہ مرزا نے خود بھی اپنی بہن کی شادی کی تصاویر شیئر کیں، اس موقع پر وہ اپنے بیٹے کے ساتھ نظر آئیں البتہ ان کے شوہر کرکٹر شعیب ملک تقریب کا حصہ نہیں بنے۔
تاہم شعیب ملک نے اپنے بیٹے کی تصویر مداحوں کے ساتھ ضرور شیئر کی۔
شادی کے موقع پر ثانیہ مرزا نے سبز رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا جبکہ اس کے ساتھ بھاری زیور بھی پہنے۔
خیال رہے کہ 25 سالہ انعم مرزا عمر میں ثانیہ مرزا سے 7 سال چھوٹی ہیں، انہوں نے رواں سال اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پیرس میں لی گئی تصاویر شیئر کی تھی، جس کے بعد سے ان کی شادی سے متعلق افواہیں سامنے آئی تھیں۔
اس کے علاوہ اسد الدین بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر انعم مرزا کے ہمراہ کئی تصاویر شیئر کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ انعم مرزا کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی شادی 2016 میں بزنس مین اکبر رشید سے ہوئی تھی، تاہم 2018 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا کی شادی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کے ساتھ اپریل 2010 میں ہوئی تھی۔